ایس ای سی پی بزنس سینٹر میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 24% اضافہ

SECP bussiness center

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے حال ہی میں قائم کئے گئے بزنس سینٹر میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 24% اضافہ ہوا ہے۔ اسلام آباد میں قائم بزنس سینٹر میں جنوری کے مہینے میں 837 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 24 فیصد زائد ہیں۔بزنس سینٹر کا قیام ایس ای سی پی کی جانب سے کاروباری آسانیوں کے لئے کی جانے والی اصلاحات کا تسلسل ہے۔ تاہم مجموعی طور پر ایس ای سی پی نے جنوری2021 میں ملک بھر میں 2,101 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 10 فی صد زائد ہیں۔ جنوری میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 98فیصد کمپنیاں آن لائن رجسٹر ہوئیں جبکہ 30فیصد کمپنیوں کی رجسٹریشن ایک ہی دن میں مکمل ہوئی۔جنوری میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 69 فیصد صد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ ،28 فی صد سنگل ممبرجبکہ3 فیصد پبلک ان لسٹڈ، غیر منافع بخش ایسوسی ایشن، غیر ملکی کمپنیاں اور لمیٹڈ لائیبیلیٹی پارٹنر شپ (ایل ایل پی) شامل ہیں۔ اس ماہ 66 غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ای سروسز کے ذریعے بیرون ملک سے کمپنیاں رجسٹرڈ کروائیں۔ اس ماہ سب سے زیادہ کمپنیاں تجارت کے شعبے میں رجسٹرڈ ہوئیں جن کی تعداد 314 ہے، انفرمیشن ٹیکنالوجی میں 269،تعمیرات میں 227،سروسز اینڈ الائیڈمیں 188، ای کامرس میں 79، جبکہ بقیہ 1124 کمپنیاں دیگر شعبوں میں رجسٹر ہوئیں۔
علاوہ ازیں،44نئی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔ ان کمپنیوں کے سرمایہ کاروں کا تعلق،چین،ملائیشیا،سویڈن،جنوبی افریقہ،ناروے،نیدر لینڈ، ترکی، برطانیہ اور امریکہ سے ہے۔ سب سے زیادہ کمپنیاں اسلام آباد بزنس سینٹ میں رجسٹرڈ ہوئی جن کی تعداد837 ہے اس کے بعد بالترتیب لاہور اور کراچی میں 623 اور 319کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔ ایس ای سی پی کے کمپنی رجسٹریشن آفس پشاور، ملتان، فیصل آباد، گلگت بلتستان، کوئٹہ اور سکھر میں بالترتیب 22,53,56,122اور13کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

Leave a Comment